ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / امریکہ: جارجیا کے الیکشن حکام نے صدر ٹرمپ کا دھاندلی کا دعویٰ مسترد کر دیا

امریکہ: جارجیا کے الیکشن حکام نے صدر ٹرمپ کا دھاندلی کا دعویٰ مسترد کر دیا

Mon, 07 Dec 2020 16:52:01  SO Admin   S.O. News Service

 نیویارک،7/دسمبر(آئی این ایس انڈیا) امریکہ کی ریاست جارجیا کے الیکشن حکام نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے تین نومبر کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات مسترد کر دیے ہیں۔

الیکشن حکام نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں جارجیا سے ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تمام 16 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔

بائیڈن کو ٹرمپ پر جارجیا میں، جہاں دو مرتبہ ووٹوں کی گنتی کی گئی، بارہ ہزار سے زیادہ ووٹوں سے برتری حاصل تھی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ جارجیا میں 1992 کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کے کسی صدارتی امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس ریاست میں 2016 کے انتخابات میں صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹک حریف ہیلری کلنٹن کو شکست دی تھی۔

جارجیا کے سینئر الیکشن افسر بریڈ ریفنسپرگر نے 'اے بی سی نیوز' کے پروگرام 'دِس ویک' کو ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ بطور ری پبلکن حامی وہ ٹرمپ کی ناکامی پر مایوس ہیں لیکن عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دھاندلی کے ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جس کی بنیاد پر عوام کی خواہش کو تبدیل کیا جا سکے۔

صدر ٹرمپ نے ہفتے کو جارجیا کے گورنر برین کیمپ کو کہا تھا کہ وہ ریاست کے قانون سازوں کا خصوصی اجلاس طلب کریں اور ووٹوں کو منسوخ کر دیں۔ تاہم گورنر نے صدر ٹرمپ کی درخواست پر عمل درآمد سے انکار کر دیا تھا۔

جارجیا کے لیفٹننٹ گورنر جیف ڈنکن نے بھی اتوار کو نشریاتی ادارے 'سی این این' سے کہا کہ اُنہیں یقین ہے کہ گورنر کیمپ صدر ٹرمپ کا بائیڈن کی کامیابی کالعدم قرار دینے کا مطالبہ تسلیم نہیں کریں گے۔

صدر ٹرمپ نے ہفتے کو جارجیا میں ایک ریلی میں بھی شرکت کی جس کے دوران انہوں نے گورنر کیمپ کو ان کی مدد نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

صدر ٹرمپ نے گورنر سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ریاست کی مقننہ کا خصوصی اجلاس بلا کر الیکٹورل کالج کے ووٹ ان کو دلوا دیں۔

صدر ٹرمپ کوئی شواہد پیش کیے بغیر مسلسل انتخابات میں دھاندلی اور اپنی کامیابی کے دعوے کر رہے ہیں۔ تاہم ان کے قریبی ساتھی بائیڈن کی کامیابی تسلیم کرنے پر زور دے رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے ہی اٹارنی جنرل ولیم بار نے خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کو ایک انٹرویو کے دوران اعتراف کیا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی کے ایسے شواہد نہیں ملے جن کی بنیاد پر انتخابات کا نتیجہ تبدیل ہو جائے۔


Share: